file photo

جھوٹے الزامات کے تحت سینکڑوں بے گناہ نوجوان نظربند ہیں:سید علی گیلانی
25 اپریل 2017 (19:51)
0

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہاہے کہ آزادی کی حقیقی آواز کو دبانے اور آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈائونز کے ذریعے بھارت دانستہ طورپر مقبوضہ علاقے میں حالات خراب کرنے کی سازش کر رہا ہے ۔
انہوں نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جھوٹے الزامات کے تحت سینکڑوںبے گناہ نوجوان نظربند ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ نظربندوں کو انتہائی قابل رحم حالت میں رکھا گیا ہے جہاں پیشہ ور مجرم جیل انتظامیہ کی ایما پر انہیں نشانہ بنارہے ہیں ۔
حریت چیئرمین نے عالمی ریڈ کراس اور ایمنسٹی انٹرنیشنل پر زوردیا کہ وہ کشمیری نظربندوںکی حالت زار کا نوٹس لیںاور انکے ساتھ غیر انسانی رویہ ترک کرنے اور انکی جلد از جلد رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔
ادھر بھارتی فوج اور پولیس کے مظالم کے خلاف سرینگر میں مائسمہ اور ملحقہ علاقوںمیں مکمل ہڑتال کی گئی ۔
تمام دکانیںاور تجارتی مراکز بند رہے اور شہر کی سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔
ادھر بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر یشونت سنہا نے فوری طور پر کشمیری عوام کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے پر زوردیا جس میں بعدا زاں پاکستان کو بھی شامل کیاجائے ۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں کہاکہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کا وقت مانگا تھا تاہم وزیر اعظم کے دفتر نے کوئی جواب نہیںدیا ۔