نوازشریف سے مالدیپ کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد عاصم کی ملاقات۔

پاکستان سارک کو بڑی اہمیت دیتا ہے،متحرک علاقائی تنظیم دیکھنے کا خواہاں،وزیراعظم
25 اپریل 2017 (14:26)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سارک کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اسے متحرک علاقائی تنظیم دیکھنا چاہتا ہے۔

وہ مالدیپ کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد عاصم سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے ان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سارک چارٹر کے مقاصد اور اصولوں پر بھی کاربند ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن واستحکام کا فروغ چاہتا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک مشترکہ مذہب ، باہمی مفاہمت اور احترام کے نہ ختم ہونے والے ابدی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔
دورے پر آئے معزز مہمان نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات آئندہ دنوں میں مزید مستحکم ہوں گے۔