Saturday, 20 April 2024, 05:36:06 am
حزب اختلاف سےمشاورت کےبعدپناہ گزینوں کےمستقبل سےمتعلق پالیسی وضع کی جائےگی:شیریں
September 25, 2018

 قومی اسمبلی میں آج انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری نے بتایا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں سے مشاورت کے بعد مہاجرین اور پناہ گزینوں کے مستقبل کی حیثیت کے حوالے سے پالیسی وضع کی جائے گی۔

 قومی اسمبلی میں آج ایک توجہ دلاو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر بہت سے قانونی، سیاسی اور انسانی امور شامل ہیں جن پر شہریت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے غور کیا جائے گا۔

 انہوں نےکہاکہ بہاریوں کا مسئلہ افغان پناہ گزینوں سے مختلف ہے۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہاجرین اور پناہ گزینوں کے اعداد و شمار اکھٹے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔

ایک اور توجہ دلاو نوٹس پر پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے گورنر کی سربراہی میں ٹاسک فورس خیبرپختونخوا کے ساتھ قبائلی علاقوں کے الحاق کے عمل کو تیز کرنے اور اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کےلئے کام کررہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ قبائلی ایجنسیوں کو خیبرپختونخوا کے اضلاع اور سب ڈویژنوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔

 علی محمد خان نے کہا کہ وفاقی حکومت ان قبائلی اضلاع کی ترقی کے لئے وسائل مہیا کرے گی۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے پاس اپنےملازمین کو تنخواہیں دینے کےلئے پیسے نہیں ہیں جبکہ ادارے نے پنشنرز کو 20 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔

 انہو ں نے کہا کہ سات سو کنٹریکٹ ملازمین ادارے میں کام کررہے ہیں جنہیں نکالنا اچھی پالیسی نہیں ہوگی۔

ایوان نے آج ایک قرار داد کی منظوری دی جس کے تحت پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی آرڈی نینس 2018 کی مدت میں مزید ایک  سو بیس دن کی توسیع کی گئی ہے جو اگلے ماہ کی چار تاریخ سے نافذ العمل ہوگی۔

 یہ تحریک اطلاعات و نشریات کے وزیر فواد چوہدری نے پیش کی تھی۔

ایوان کا اجلاس کل دن گیارہ بجے تککےلئے ملتوی کردیا گیا۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.