Monday, 13 July 2020, 11:12:46 am
بھارتی فورسزکی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی، 2کشمیری نوجوان شہید
May 25, 2020

فائل فوٹو

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع کلگام میں 2کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو ضلع کے علاقے دمحال ہانجی پورہ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔

قابض بھارتی حکام نے کولگام اور شوپیاں اضلاع میں تمام موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل کردیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اپنے ایک پیغام میں ایک بار پھر لوگوں پر زوردیاہے کہ وہ تجارت، تعلیم اور ترقی کے نام پر اپنی جائیدادیں غیر کشمیریوں کو فروخت نہ کرکے جموں و کشمیر کے مسلم اکثریتی تشخص کو تبدیل کرنے کے بھارتی عزائم کو ناکام بنائیں۔

حریت کانفرنس کے چیئرمین نے بھارت کی طرف سے جموں و کشمیر میں مسلسل جابرانہ تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ثابت قدمی اور اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے دنیا بھر کے مسلم ممالک پر زوردیا کہ وہ خاموشی توڑ کر اسلام سے اپنی وفاداری ثابت کریں کیوں کہ مسلم دنیا کے قلب میں ایک اور فلسطین بنایا جارہا ہے۔

حریت رہنماؤں عبد الصمد انقلابی اور خواجہ فردوس نے سرینگر میں اپنے بیانات میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج کی طرف سے پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت کی ۔

انہوں نے بھارت اور کشمیر کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

دریں اثنا ء سکھ تنظیم دل خالصہ نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کشمیری مسلمانوں اور حریت قیادت کو مبارکباد دی۔

دل خالصہ نے کہا کہ بھارتی قابض حکام نے سید علی گیلانی کو ان کے سیاسی عقائد اور نظریے کی وجہ سے انکے گھر کی چار دیواری میں نظربند کررکھا ہے۔

ادھر کینیڈا میں عالمی سکھ پارلیمنٹ اور دنیا بھر کی سکھ تنظیموں نے بھارت میں ہندوبالادستی کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف عالمی سطح پر اٹھنے والی آوازوں کا خیرمقدم کیا۔