Friday, 29 March 2024, 10:40:48 am
وزیراعظم کا عوام کے تعاون سے ملک کو اقتصادی بحران سے نکالنے کے عزم کا اعادہ
May 25, 2019

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگرچہ آئندہ دو سے تین ماہ مشکل ہیں تاہم حکومت عوام کے تعاون سے ملک کو موجودہ اقتصادی بحران سے نکال لے گی۔

کراچی میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کیلئے فنڈ جمع کرنے سے متعلق افطار ڈنر میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم اتحاد کے جذبے کے ساتھ کسی بھی درپیش چیلنج سے نمٹ سکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب لوگ بیرون ملک سے روزگار کے مواقع کی تلاش کیلئے پاکستان آئیں گے۔

انہوں نے کہا نشیب وفراز زندگی کا حصہ ہیں اور درپیش مسائل سے خوفزدہ ہونے کی بجائے ہمیں بلند عزم وحوصلے کے ساتھ ان کا سامنا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران ماضی کی حکومتوں کی ناقص اقتصادی کارکردگی اور قومی خزانے کی لوٹ مار کے باعث آج ملک کو اقتصادی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ادھر سندھ میں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ شروع کرنے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ پروگرام حکومت کے اہم منصوبوں کا حصہ ہے جس کا مقصد معاشرے کے کم آمدن والے افراد کیلئے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت کا روپ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ سکیم کے تحت مختلف منصوبوں کے آغاز سے سندھ کے عوام بالخصوص نوجوانوں کو کاروبار اور ملازمتوں کے مواقع ملیں گے اور معیشت اور اس سے وابستہ صنعتیں ترقی کریںگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام میں نجی شعبے کی دلچسپی انتہائی حوصلہ افزا ہے اور حکومت اس شعبے کو پروگرام میں شراکت دار بنانا چاہتی ہے۔

اجلاس میں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے کے تحت سندھ کے مختلف شہروں میں کم آمدن کے حامل افراد کیلئے مختلف منصوبے شروع کرنے پر غور کیا گیا۔

نجی شعبے کے نمائندوں نے پروگرام کو زیادہ موثر بنانے کیلئے مختلف تجاویز دیں۔

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.