Thursday, 19 September 2019, 02:15:27 pm
وزیر منصوبہ بندی کا ازبکستان کے ساتھ تعاون کے مزید امکانات تلاش کرنے پر زور
May 25, 2019

منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر خسرو بختیار نے کہا ہے کہ مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں سے علاقائی تجارت اور سیاحت کے علاوہ علاقائی روابط کو بھی فروغ ملے گا۔انہوں نے یہ بات ازبکستان کے سفیر فرقت صدیقوف سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ازبک سفیر نے منصوبہ بندی کے وزیر کو بتایاکہ 700 کلومیٹر طویل ریلوے لائن کی تجویز زیر غور ہے جو ازبکستان ، روس ، افغانستان اور پاکستان سے گزرے گی۔خسرو بختیار نے کہا کہ منصوبے سے علاقائی تجارت اور روابط کو فروغ حاصل ہوگا جس سے رکن ممالک کو فائدہ ہوگا۔منصوبہ بندی کے وزیر نے بتایا کہ طور خم اور دوشنبے کے درمیان مجوزہ راہداری کے علاوہ شمالی جنوبی روابط کی ترقی کیلئے بنیادی ڈھانچے کے دیگر منصوبے بھی زیر غور ہیں۔انہوں نے کہا کہ ازبکستان اور پاکستان کے شاندار تعلقات ہیں اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں کئی گنا اضافے کو سراہا۔انہوں نے تیل وگیس، زراعت ، خوراک، ٹیکسٹائل ، تعمیر اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون کے مزید امکانات تلاش کرنے اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔