Thursday, 19 September 2019, 07:34:10 pm

مزید خبریں

 
اقوام متحدہ امن مشن کے دوران جام شہادت نوش کرنیوالے سپاہی نائیک محمد نعیم رضا کو اعزاز سے نوازا گیا
May 25, 2019

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریز نے پاکستانی سپاہی نائیک محمد نعیم رضا کوDag Hammarskjold کے ایوارڈ سے نوازا ہے جنہوں نے گزشتہ سال27 جنوری کو عوامی جمہوریہ کانگو میں اقوام متحدہ کے مشن میں فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا۔نائیک محمد کو دیا جانے والا یہ ایوارڈ اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے امن افواج کے عالمی دن کے موقع پر نیو یارک میں ایک سادہ تقریب میں وصول کیا۔تقریب کے بعد خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے ہمارے ہیرو کو یہ ایوارڈ دینے کا مقصد پاکستانی امن فوجیوں کی قربانیوں ' لگن اور ان کی پیشہ وارانہ مہارت کا اعتراف کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیاں عالمی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے عزم کا امتحا ن ہے۔تقریب میں2018 اور2019 کے اوائل میں عالمی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے119 بہادر فوجی جوانوں کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔دنیا بھر سے اقوام متحدہ کے12 مختلف امن مشنوں میں38 ممالک کے فوجی اور پولیس اہلکاروں' عالمی سول ملازمین او ر اقوام متحدہ کے عملے کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔پاکستان نے اقوام متحدہ کے مشن کا حصہ بننے کی قابل فخر روایات قائم کی ہے اور اس کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جن کے فوجیوں کی بڑی تعداد امن فوج میں شامل ہے۔گزشتہ چھ عشروں سے زائد کے عرصے کے دوران اقوام متحدہ کے46 ان مشنوں میں دو لاکھ سے زائد پاکستانی فوجیوںنے اپنی خدمات انجام دی ہیں۔