Wednesday, 23 September 2020, 02:21:32 am
کاروباری برادری کی مدد، نادارافرادکوسہولت فراہمی کیلئےامدادی پیکج کااعلان کیا،مشیرخزانہ
March 25, 2020

مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کے تناظر میں کاروباری برادری کی مد داور نادار افراد کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ساڑھے بارہ کھرب روپے کے بڑے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے ۔
انہوں نے بدھ کی شام اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محنت کش طبقے کیلئے دوسوارب روپے مختص کیے گئے ہیں جن کا روزگار کورونا وارئس کی وجہ سے خطرے میں ہے ۔
مشیرخزانہ نے کہاکہ برآمدات کے شعبے کے تحفظ کی خاطر برآمدات کی صنعت کیلئے ٹیکس ریفنڈ کیلئے سو ارب روپے مختص کیئے گئے ہیں ۔
انہوں نے چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں اور زرعی شعبے کے حوالے سے کیا کہ کاشتکاروں اور چھوٹے کارخانوں کے مالکان کی سہولت کیلئے سو ارب روپے مختص کیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پورے پاکستان میں ایک کروڑ بیس ہزار خاندانوں کو چار ماہ کیلئے تین ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کرنے پر ڈیڑھ سو ارب روپے خرچ کیئے جائیںگے۔
انہوں نے کہاکہ عوام کو اشیائے ضروریہ خصوصاً آٹا ، گھی ، چینی اور دالیں رعائیتی نرخوں پر فراہم کرنے کی غرض سے یوٹیلٹی اسٹورز کو پچاس ارب روپے دئیے جارہے ہیں۔
مشیر خزانہ نے ہیلتھ ورکرز کا تحفظ یقینی بنانے کے حوالے سے کہاکہ اس سلسلے میں حفاظتی آلات اور دیگر ضروری سامان کی خریداری کیلئے پچاس ارب روپے کی اضافی رقم رکھی گئی ہے ۔
انہوںنے کہاکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کو اس عالمگیر وباء سے نمٹنے کیلئے پچیس ارب روپے دئیے جائیںگے۔
انہوں نے کہاکہ معاشرے کے نادار طبقوں کی سہولت کیلئے اشیائے خوردونوش پرٹیکس کو مکمل طورپر ختم یا اس میں نمایاں کمی کی جارہی ہے ۔