Thursday, 09 April 2020, 06:46:04 am

مزید خبریں

 
وفاقی کابینہ کا کورونا وائرس کی وباء کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال
March 25, 2020

اطلاعات اور نشریات کے بارے میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کرونا وائرس کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے پرعزم اور تیار ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کی سہ پہر اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں سے متعلق صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد بروقت اقدامات کر رہی ہے تاکہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کابینہ کے فیصلوں کے حوالے سے کہا کہ بیرونی اور صنعتی قرضوں پر ٹیکس استثنیٰ دینے پر منافع کی ادائیگی کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں متروکہ املاک کی فی ایکڑ اراضی کے لئے پینتالیس ہزار روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ قومی تاریخ اور ادبی ورثے کی ڈویژن کا نام تبدیل کر کے قومی ثقافتی ورثہ ڈویژن رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ کو اقتصادی اشاریوں کے بارے میں بھی بتایا گیا جن میں بہتری کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔