Tuesday, 25 June 2019, 12:50:25 am
وزیراعظم کا پاکستان،یورپی یورنین تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اظہار اطمینان
March 25, 2019

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین اور اس کے تمام رکن ملکوں کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔وہ خارجہ امور اور سیکورٹی پالیسی کے بارے میں یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ فیڈریکا موگیرینی سے پیر کے روز اسلام آباد میں گفتگو کررہے تھے۔وزیراعظم نے تعلقات میں مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا اور یورپی یونین کو پاکستان کا بڑا تجارتی اور سرمایہ کار شراکت دار قرار دیا۔انہوں نے GSP پلس کے آغاز سے پاکستان یورپی یونین دوطرفہ تجارت میں اضافے کو سراہا۔وزیرا عظم نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کو افغانستان کے مصالحتی عمل میں پاکستان کے مثبت کردار اور بھارت کے ساتھ کشیدگی میں کمی سمیت موجودہ علاقائی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے یورپی یونین پر زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیاجائے۔

دریں اثناء یورپی یونین کی خارجہ امور اور سیکورٹی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ فیڈریکا موگیرینی نے بری فو ج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے آج راولپنڈی میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔مہمان شخصیت نے علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں اور مثبت کردار کو سراہا۔