Sunday, 18 August 2019, 11:41:36 am
حکومت ملک سے بچوں کی جبری مشقت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے،صدر
March 25, 2019

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں نیشنل چائلڈ لیبر سروے کے اجراء کے موقع پر تقریب سے خطاب رکتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا آئین بچوں کے حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے۔صدر نے کہا کہ حکومت بچوں کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ اہم سروے 22 سال کے وقفے کے بعد جاری کیا جارہا ہے اور اس سے حکومت کو اپنی ترجیحات طے کرنے میں مدد ملے گی۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ غربت والدین کو اپنے بچوں کو کام پر بھیجنے پر مجبور کرتی ہے اور وہ استحصال کا شکار ہو جاتے ہیں۔اس سے قبل انسانی حقوق کی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر بچے کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی حقوق تک رسائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت نے گھریلوکارکنوں کا بل متعارف کرایا ہے جس کا مقصد گھروں میں کام کرنے والے کارکنوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ لوگوں کو اپنے حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا اعدادوشمار جمع کئے جائیں گے اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے ایک پالیسی بنائے جائے گی۔