Friday, 19 April 2024, 08:25:00 am
وفاقی کابینہ کی نئی مردم شماری کیلئے5ارب روپے کی منظوری
January 25, 2022

وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اگلے عام انتخابات نئی مردم شماری کی بنیاد پر ہوںگے جس کے لئے کابینہ نے آج(منگل) پانچ ارب روپے کی منظوری دیدی ہے۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے متعلق صحافیوں کو بریفنگ کے دوران بتائی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس مردم شماری کے ابتدائی سروے کے نتائج اپریل کے آخر یا مئی کے شروع میں شائع کئے جائیں گے جبکہ پوراعمل رواں سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان نتائج کے بعد الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات کے لئے حلقہ بندیاں کریگا۔چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ کابینہ کو ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کے بارے میں بتایا گیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کورونا کے مریضوں میں اضافے کے باوجود ہسپتالوں میں داخل ہونے والوں کی تعداد میں صرف ایک اعشاریہ پانچ فیصد اضافہ ہوا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کورونا کی اس لہر کا ہمارے صحت کے نظام پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ کورونا کی اس لہر سے نمٹنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈاؤن کی کامیاب پالیسی پر پھر سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس پالیسی کی معترف ہو رہی ہے اور برطانیہ نے بھی اس پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ ایک بڑی خبر ہے کہ اکانومسٹ کے مطابق پاکستان دنیا کے ان چند ملکوں میں شامل ہے جہاں کورونا کے بعد معمول کی صورتحال بحال ہو گئی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے کرونا ٹیسٹ میں ریلیف کی فراہمی کے لئے ایک طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ بیرون ملک سفر سے قبل کرونا کا ٹیسٹ لازمی ہے انہوں نے کہا اس حوالے سے قانونی لائحہ عمل کی تشکیل کے لئے ایک سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھیجی جائے گی۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کابینہ کو ملکی درآمدات و برآمدات میں اضافے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کی مشینری کی درآمدات میں پینتیس فیصد اضافہ ہوا جو ٹیکسٹائل اور دوسرے برآمدی شعبوں میں طویل مدتی منصوبوں کی عکاسی کرتا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تیل اور پام آئل کی درآمدات سے معیشت پر اضافی بوجھ پڑا ہے کیونکہ عالمی منڈی میں ان کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے۔ ملکی برآمدات انتیس فیصد تک بڑھی ہیں صرف ٹیکسٹائل کے شعبے کی برآمدات میں اٹھاسی فیصد اضافہ ہوا جبکہ ترسیلات زر گیارہ فیصد سے زائد بڑھیں۔ زرمبادلہ کے ذخائر سترہ ارب ڈالرسے بڑھ کر چوبیس ارب ڈالر ہوگئے۔ ٹیکس وصولی میں 32 فیصد سے زیادہ اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بیس فیصد اضافہ ہوا ۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے کاروباری قرضوں میں وسو سٹرسٹھ فیصد اضافہ ہوا اور نجی شعبے نے اب تک نوسو چار ارب روپے کے قرضے لئے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے ضابطہ فوجداری میں ترامیم کی بھی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ ترامیم قانون سازی کے لئے پارلیمنٹ کو بھیجی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی ترامیم کے تحت عدالتیں فوجداری مقدمات کو نومہینے میں نمٹانے کی پابند ہوں گی اور تاخیر کی صورت میں پراسیکیوٹر اور جج سے وجوہات معلوم کی جائیں گی اور ذمہ دار کا احتساب ہوگا۔ اس قانون کے تحت پولیس کو ضمانت کا اختیار دیا جارہا ہے اور ایس ایچ او کے تقرر کے لئے کم سے کم تعلیمی قابلیت بی اے ہوگی اور متعلقہ شخص کم از کم سب انسپکٹر ہونا چاہیے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.