نواز شریف نے کہا کہ حکومت منفی سیاست کی بجائے عوام کی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔

حکومت کسان برادری کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے:وزیراعظم
24 نومبر 2015 (17:33)
0

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کسان برادری کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے۔

انہوں نے یہ بات منگل کو جھنگ میں وزیراعظم کے کسان پیکیج کے سلسلے میں چیک تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔  وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے مالی مسائل کے باوجود تین کھرب اکتالیس ارب روپے کے بے مثال کسان پیکیج کا اعلان کیا۔  انہوں نے کہا کہ ہم ذاتی مفاد کے بجائے اقدار اور قومی مفادات کے تحفظ کی سوچ پر مبنی سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کسانوں کی سہولت کیلئے انہیں امداد فراہم کررہی ہے اور وہ مشکل کی گھڑیوں میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت منفی سیاست کی بجائے عوام کی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض مخالفین نے حکومت کے کسان پیکیج پراعتراض کیا تھا تاہم اسے سپریم کورٹ کی جانب سے قانونی تحفظ حاصل ہوا تاکہ ہم کسان برادری کی فوری خدمت کرسکیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں بارہ لاکھ کاشتکار کسان پیکج سے مستفید ہوںگے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت غریب اور مستحق افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے پر بھی غور کررہی ہے۔  نوازشریف نے کہاکہ حکومت زلزلہ متاثرین جن کے گھر تباہ ہوگئے تھے کی بحالی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔


لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ آئندہ اڑھائی سال میں اس پرقابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔  اس سے پہلے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحفظ خوراک کے وفاقی وزیر سکندرحیات بوسن نے کہاکہ زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور انقلابی کسان پیکج کاشتکاروں کی سہولت کیلئے متعارف کرایاگیا۔

بعد میں وزیراعظم نے چھوٹے کاشتکاروں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کئے۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات پرویز رشید بھی موجود تھے۔