پاکستان کےساتھ دوستانہ تعلقات سےمتعلق بھارت نوازسیاسی جماعتوں کےبیانات لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کےمترادف ہیں:سیدعلی گیلانی
24 نومبر 2015 (12:55)
0

مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستانہ تعلقات سے متعلق بھارت نواز سیاسی جماعتوں کے بیانات کو آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف قرار دیا ہے۔سرینگر میں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت نواز سیاستدان اقتدار کے بھوکے ہیں اور اقتدار اور کرسی ہمیشہ سے ان کا واحد مقصد رہا ہے جس کیلئے وہ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔


بزرگ رہنماء نےکہا کہ بھارت نواز سیاستدان کشمیری عوام کے حقیقی دشمن اور ان کی دیرینہ غلامی کے ذمہ داری ہیں۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان کے بیانات کے دھوکے میں نہ آئیں۔


بزرگ رہنماء نے ضلع اسلام آباد کے علاقے سلی گام میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے تین نوجوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔

دریں اثنا ء مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اسلام آباد اور کپواڑہ میںریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائیوں میں چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ اسلام آباد کے علاقے آٹھمقام میں تلاشی کی ایک کاروائی کے دوران تین نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔


بھارتی فوج نے ضلع کپواڑہ کے علاقے مانی گاہ میں اور دوسرے علاقوں میں جاری پرتشدد کارروائی کے دوران ایک اور نوجوان کو شہید کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کوکشمیریوں کی جدوجہدآزادی کے لئے انمول اثاثہ قراردیا ۔