الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کاجائزہ
24 نومبر 2015 (19:28)
0

الیکشن کمیشن نے منگل کو اسلام آباد میں ایک اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کاجائزہ لیا۔

اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمیشنر ریٹائرڈ جسٹس سردارمحمد رضا خان نے کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ وفاقی دارلحکومت میں آزادانہ منصفانہ اور شفاف انداز میں بلدیاتی انتخابات منعقد کرائے۔

ضلعی ریٹرننگ افسر نے اجلاس کے دوران وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے ڈھانچے ، بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ اور اس حوالے سے اب تک کیے گئے دیگر انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

دریں اثناء الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے میں پنجاب اور سندھ میں انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ اورشفاف بنانے کیلئے انتظامی اور سیکورٹی کے ضروری اقدامات کیے ہیں۔

تیسرے مرحلے میں اگلے مہینے کی پانچ تاریخ کو پنجاب کے بارہ اور کراچی کے چھ ضلعوں میں انتخابات ہوںگے۔ حتمی مرحلے میں پنجاب کے جن ضلعوں میں انتخابات ہوںگے ان میں راولپنڈی، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، سیالکوٹ، ناروال ، خوشاب، جھنگ ، راجن پور، مظفرگڑھ، لیہ اور رحیم یارخان شامل ہیں۔