پارلیمانی امور کے وزیر مملکت نے ایوان کو بتایا کہ انتقال کر جانے والے سرکاری ملازمین کیلئے نیا پیکیج تیار کیا گیا ہے۔

گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس فراہم کی جا رہی ہے،قومی اسمبلی کو یقین دہانی
24 نومبر 2015 (19:12)
0

قومی اسمبلی نے ایک قراردادمنظور کی ہے جس میں حکومت پر زوردیا گیا ہے کہ وہ انتقال کرجانے والے ملازمین کے پیکج پر عملدرآمد کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے۔  اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ انتقال کر جانے والے سرکاری ملازمین کے لئے نیا پیکیج تیار کیا گیا ہے جس پر وزیراعظم کی منظوری کے بعد فوری طور پرعملدرآمد کیاجائے گا۔

ایوان نے بونیر میں خواتین کی یونیورسٹیوں کے قیام اور وفاقی دارالحکومت میں جعلی ادویات کی فروخت کے خلاف فوری کارروائی کرنے سے متعلق قراردادوں کی منظوری بھی دی۔   قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس فراہم کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔  ایک نکتہ اعتراض پر پٹرولیم اور قدرتی وسائل کی پارلیمانی سیکرٹری شہزادی عمرزادی ٹوانہ نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے کل سے ملک گیر مہم شروع کی جائے گی۔


مختلف ارکان کے نکات اعتراض پر ایوان نے بنگلہ دیش میں حزب اختلاف کے سیاسی رہنماؤں کو پھانسی دینے کی سخت مذمت کی۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ یہ معاملہ عالمی سطح پر اٹھائے اوراسے عالمی عدالت انصاف میں لے جائے۔  اس سے پہلے ایوان میں مختلف بل پیش کئے گئے ۔  ان بلوں میں ضابطہ فوجداری ترمیمی بل دو ہزار پندرہ ، آئین کا ترمیمی بل دو ہزار پندرہ آرٹیکل ایک سو پچھتر کا ترمیمی بل اورانسداد دہشت گردی ترمیمی بل دو ہزار پندرہ شامل ہیں۔
بعد میں ایوان کا اجلاس بدھ کی صبح تک ملتوی کردیاگیا۔