file photo

بھارتی فوج کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی کوئی پرواہ نہیں:ایمنسٹی انٹر نیشنل
24 مئی 2017 (19:25)
0

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ انسانی ڈھال کے طو ر پرکشمیری نوجوان کو جیپ سے باندھنے والے بھارتی فوج کے میجر لیتل گوگوئی کو فوجی سربراہ کی طرف سے میڈل دیے جانے کے اقدام سے یہ تاثر ملتا ہے کہ فوج کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی کوئی پرواہ نہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بھارتی شاخ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر Aakar Patelنے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام سے بھارتی فورسز کے اہلکاروں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مزید شہہ ملے گی۔
مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے بھارتی فوج کے میجر لیتل گوگوئی کو فوجی سربراہ کی طرف سے میڈل دئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوج کے سربراہ کے اس اقدام کو انسانیت کیخلاف سنگین جرم قرار دیا۔ انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔

میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ اس طرح کے فیصلوں سے عالمی سطح بھارتی جمہوریت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو رہا ہے۔ محمد یاسین ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ انسانیت کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث افسر کو ایوارڈ سے نوازنا کے مذموم عمل نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ جموں وکشمیر ایک پولیس سٹیٹ ہے۔