نوازشریف نے کہا ہے کہ اس وقت ہماری مجموعی ملکی پیداوارکی ترقی کی شرح5.3 فیصد سے زائد ہے۔

حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان کوابھرتی منڈیوں میں شامل کیاگیا ہے:وزیراعظم
24 مئی 2017 (14:53)
0

وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان تاجروں کو،توانائی اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع کی پیشکش کرتا ہے ۔آج اسلام آباد میں سٹینڈر چارٹر بینک کے چیئرمین جوز وینالز سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کا ترقی اور نگرانی پر مبنی لائحہ عمل عالمی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پر مبنی پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان کو ابھرتی ہوئی منڈی کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔سٹاک مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کے حوالے سے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ کو دوہزار سولہ میں بہترین کارکردگی کی بنیادپر پانچویں مارکیٹ کا درجہ دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری مجموعی ملکی پیداوارکی ترقی کی شرح پانچ اعشاریہ تین فیصد سے زائد ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے بینکاری کے شعبے نے بھی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ سرمائے کی مضبوط بنیادفراہم کرتے ہوئے یہ شعبے خطے میں سرمایہ کاروں کے لئے انتہائی مسابقتی حالت میں ہے ۔
اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے سٹینڈر ڈ چارٹر بینک کے چیئرمین نے پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی ۔