وزیرداخلہ نے کہا کہ مذاکراتی عمل ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور نہ کسی بھی فریق نے ایسا کوئی مطالبہ کیا

شمالی وزیرستان میں فوجی کارروائی کا کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا:نثار
24 مئی 2014 (20:08)
0

وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کا کوئی فیصلہ نہیں کیاگیاہے۔
اُنہوں نے ہفتہ کے روزاسلام آباد میں وزیراعظم کی صدارت میں سیکیورٹی کے بارے میں حال ہی میں اجلاس کی کارروائی سے متعلق غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کو من گھڑت اور عقل وشعور سے عاری قراردیا۔
اُنہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور نہ کسی بھی فریق نے ایسا کوئی مطالبہ کیاجیسا کہ خبررساں ادارے کی رپورٹ میں کہاگیا ہے ۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ حالیہ فضائی حملے اور محدود فوجی کارروائی پہلے کئے گئے اس فیصلے کا تسلسل ہے جس کے تحت شہری اور فوجی اہداف پر دہشتگردی کی کسی بھی کارروائی کا مناسب جواب دیاجائے گا۔
وزیرداخلہ نے وضاحت کی کہ اسلام آباد اور دوسرے اہم شہروں کی سیکیورٹی ' فوج کے حوالے کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا۔