وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملک بھر میں سیکورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کر دی۔

صدر اور وزیر اعظم کی پارا چنار،بم دھماکوں کی شدید مذمت
24 جون 2017 (06:36)
0

صدرممنو ن حسین نے کراچی اورپاراچنارمیں دہشت گردی کی سخت مذمت کی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور سوگوارخاندان سے تعزیت کی ۔

صدرنے کہاکہ کراچی میں پولیس اہلکاروں نے اپنے فرائض کی ادائیگی میں اپنی جانیں قربان کردیں۔انہوں نے کہاکہ قوم ہمیشہ اُن شہداء کو یاد رکھے گی جنہوں نے فرائض کی انجام دہی میں اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیا۔

وزیراعظم محمد نوازشریف نے جمعہ کے روز پارا چنار میں ہونیوالے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ملک بھر میں سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہو ں نے کہا کہ دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں اور کوئی مسلمان گھناؤنے اقدامات کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔

وزیراعظم نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونیوالوں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔