دونوں ملکوں نے باہمی مسائل پر مشاورت اور تعاون کیلئے اعلیٰ سطح کا طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان ،افغانستان کا داخلی معاملات میں عدم مداخلت پر اتفاق
24 جون 2016 (18:05)
0

پاکستان اور افغانستان نے اس امرکا اعادہ کیاہے کہ وہ ایک دوسرے کی علاقائی سا لمیت کا احترام کریں گے اور دونوں ملک ایک دوسرے کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر کاربند رہیں گے۔
یہ اتفاق رائے جمعہ کے روز تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز اورافغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
ملاقات کے بعد جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیے میں کہاگیا کہ دونوں ملکوں نے باہمی مسائل پر مشاورت اور تعاون کیلئے اعلیٰ سطح کا طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
طریقہ کار کے تحت مشترکہ تکنیکی ورکنگ گروپ دونوںملکوںکے تحفظات کو دور کرے گااس اقدام سے مسائل کے حل اور طورخم سرحد پر حالیہ کشیدگی جیسے پرتشدد واقعات کے اعادے کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
سرتاج عزیز اورافغان وزیرخارجہ نے امن کے فروغ ، انسداد دہشت گردی اور اقتصادی ترقی کا عمل تیز کرنے کے لئے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
فریقین نے افغانستان میں امن اورمفاہمت کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زوردیا۔