صدرنے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت کے حصول سے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف بہتراور موثر پلیٹ فارم مل گیا ہے۔

علاقائی امن و سلامتی کی منزل اقتصادی رابطوں میں مضمر ہے:ممنون
24 جون 2016 (17:51)
0

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت کے حصول سے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف بہتراور موثر پلیٹ فارم مل گیا ہے۔تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے اردو میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدی سیکورٹی میں اضافے کا پاکستان کا عزم شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد سے مطابقت رکھتاہے۔
انہوں نے کہا پاکستان کسی بھی دوسرے ملک سے بہتر سمجھتا ہے کہ دہشت گردی ترقی اور خوشحالی کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے کیونکہ کسی بھی اور ملک نے دہشت گردی' علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کی قوتوں کے خلاف اتنی قربانیاں نہیں دی ہیں جتنی ہم نے دی ہیں۔انہوں نے کہا جاری آپریشن ضرب عضب بلاامتیاز تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف ہے اورہم نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ' دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور ان کا مرکز ڈھانچہ تباہ کردیا گیا ہے۔
صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ علاقائی امن و سلامتی کی منزل اقتصادی رابطوں میں مضمر ہے اور پاکستان خطے اور خطے سے باہر تجارت اور توانائی کے رابطوں کیلئے کئی روٹس فراہم کرتاہے۔