ریلوے کے وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ فیصلے کی مخالفت کرنے والوں کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ دائر کیاجائے گا

خواجہ سعد رفیق کی عدالتی فیصلہ تسلیم نہ کرنے والے سیاستدانوں پرتنقید
24 اپریل 2017 (20:09)
0

ریلوے کے وزیرخواجہ سعد رفیق نے پانامہ کیس سے متعلق عدالت عظمی کا فیصلہ تسلیم نہ کرنے والے سیاستدانوں پرتنقید کی ہے ۔
انہوں نے پیر کے روز شام لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فیصلے کی مخالفت کرنے والوں کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ دائر کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ بعض سیاستدان وزیراعظم سے ذاتی پرخاش کے باعث اعلی عدلیہ اور حساس اداروں پرتنقید کررہے ہیں ۔
سعد رفیق نے کہاکہ وزیراعظم کا نام پانامہ پیپرزمیں نہیں تھا لیکن اس کے باوجود انہوں نے خود کو رضا کارانہ طورپر احتساب کیلئے پیش کیا۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے سربراہ اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے پانامہ کیس پر واویلا کررہے ہیں ۔سعد رفیق نے کہاکہ عدالت عظمی کے حکم پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جارہی ہے اور اس حوالے سے کوئی اعتراض برداشت نہیں کیاجائے گا ۔

ادھر اعلی سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان ریلوے کو رواں مالی سال کے دوران چھتیس ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں چالیس ارب روپے سے زائد کا منافع ہوگا ۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے ریلوے کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور ادارہ ترقی کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے ۔
سعد رفیق نے محکمے کی ترقی کیلئے ریلوے ملازمین کی کوششوں کی بھی تعریف کی ۔