وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے زیادہ لوڈ برداشت کرنے والے تھرمل بجلی گھر منصوبوں پرخصوصی توجہ دی ہے

حکومت صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے مختلف طریقوں پرکام کررہی ہے:وزیر اعظم
24 اپریل 2017 (19:20)
0

وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے بجلی پیدا کرنے کے مختلف طریقوں پرکام کررہی ہے ۔

انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے زیادہ لوڈ برداشت کرنے والے تھرمل بجلی گھر منصوبوں پرخصوصی توجہ دی ہے جس میں 2018ء اوراس کے بعد پن بجلی کی کم پیداوار والے عرصے کے دوران بھی پورا سال بجلی کی دستیابی یقینی ہوگی۔

انہوں نے لوگوں کی سہولت کیلئے رمضان المبارک کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے وزارت پانی وبجلی کو ہدایت کی کہ وہ قومی الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ مائع قدرتی گیس ، شمسی توانائی ، فرنس آئل ، ڈیزل اور گیس سمیت مختلف ذرائع سے بجلی کی پیدوار کے تجویز کردہ نرخوں سے متعلق مسائل فوری طورپر حل کرے ۔

انہوں نے لائن ڈیپارٹمنٹس سے کہاکہ وہ توانائی منصوبوں پر ترجیحی بنیاد پر عملدرآمد میں درپیش مسائل سے متعلق انتظامی اور قانونی امور فوری طورپر حل کریں ۔پانی وبجلی کے سیکرٹری نے اجلاس کو لوڈ مینجمنٹ کے موجودہ منصوبے ، مجوزہ اور جاری ترقیاتی منصوبوں پرعملدرآمد میں پیشرفت اور ترسیلی نظام میں توسیع کے بارے میں بتایا۔

واپڈا کے چیئرمین نے اجلاس کو داسو، دیامر بھاشا اورمہمند ڈیم سمیت پن بجلی کے منصوبوں پرپیشرفت کے بارے میں بتایا ۔