وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ رواں سال ایک لاکھ 43ہزار سے زائد پاکستانی فریضہ حج ادا کریںگے ۔

حج پالیسی 2015ء کا اعلان،پیر سے درخواستوں کی وصولی شروع
24 اپریل 2015 (19:26)
0

حج پالیسی 2015ء کا اعلان کردیاگیا ہے اور نامزد بینکوں کی شاخیں پیر سے حج درخواستوں کی وصولی کردیںگی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردارمحمد یوسف نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس سال ایک لاکھ 43ہزار سے زائد پاکستانی فریضہ حج ادا کریںگے ۔
انہوں نے کہاکہ اس سال عازمین حج کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی کی جائے گی ۔
حج پالیسی کے مطابق سرکاری سکیم کے تحت گزشتہ پانچ سال کے دوران فریضہ حج ادا کرنے والا شخص رواں سال حج کرنے کا اہل نہیں ہو گا تاہم وہ شخص جو محرم کے طورپر یا حج بدل کرنا چاہتا ہے اسے استثنی حاصل ہوگا ۔
سرکاری حج سکیم کے تحت حجاج کرام کو مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور منیٰ میں کھانا دیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیاکہ اس سال کوئی شخص سرکاری خرچے پر حج ادا نہیں کرسکے گا۔
سردار محمد یوسف نے بتایا کہ پچاس فیصد عازمین حج کو براہ راست مدینہ جبکہ پچاس فیصد کو جدہ پہنچایا جائے گا۔