نوازشریف نےسعودی قیادت کےساتھ ملاقاتوں میں سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کو برقراررکھنے کی ضرورت پرزوردیا۔

وزیراعظم کی یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی
24 اپریل 2015 (13:49)
0

وزیراعظم نواز شریف نے یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کیلئے سعودی عرب کے زیر کمان اتحاد کو پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔انہوں نے یہ یقین دہانی ریاض میں سعودی عرب کے فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز السعود ، ولی عہد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز اور نائب ولی عہد اور وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نائف السعود سے ملاقات میں کرائی۔


وزیراعظم نے یمن میں پرتشدد طریقے سے قانونی حکومت کی برطرفی کی مذمت کی اور یمن کے بحران کے پرامن حل میں مثبت کردار ادا کرنے کیلئے اپنی آمادگی ظاہر کی۔سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں علاقائی امن واستحکام کو لاحق بڑھتے ہوئے خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔


فریقین نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ۔ سعودی عرب نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی گرانقدر قربانیوں کا اعتراف کیا۔وزیراعظم نواز شریف نے سعودی فرمانروا کے جلد پاکستان کے دورے کے لئے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔