نوازشریف نے کہا کہ یمن کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے۔

 برطانوی ہم منصب سے تبادلہ خیال کیلئے وزیراعظم لندن میں
24 اپریل 2015 (20:43)
0

وزیراعظم نوازشریف برطانیہ کے تین روزہ سرکاری دورے پر آج(جمعہ کو) لندن پہنچے۔
 لندن آمد پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یمن کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان یمن کے معاملے پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ چینی صدر کے حالیہ دورے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے غیرمعمولی مواقع پیدا ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ملک کی معیشت کے مختلف شعبوں میں چھیالیس ار ب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی سیکورٹی ڈویژن قائم کیا جا رہا ہے۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور ان کے دورے سے ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔