پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے ایوان کو بتایا کہ شہری علاقوں میں چھ سے سات گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں نو سے دس گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

15مئی تک 1500میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی
24 اپریل 2015 (15:02)
0

پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے ایوان کو بتایا کہ قومی گرڈ میں آئندہ ماہ کی پندرہ تاریخ تک ایک ہزارپانچ سو میگاواٹ بجلی شامل کی جائے گی۔ جس سے بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔


انہوں نے بتایا کہ شہری علاقوں میں چھ سے سات گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں نو سے دس گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلی لائنوں میں بہتری لائی جا رہی ہے اور بجلی چوری کی روک تھام سے لائن لاسز میں کمی آئی ہے۔وقفہ سوالات کے دوران نیشنل ہیلتھ سروسز کی وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے ملکی سطح پر ہنگامی قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کے باعث صورتحال قابو میں ہے۔

انہوں نےبتایا کہ نیشنل اسلامک ایڈوائزری گروپ قائم کردیا گیا ہے جو خصوصی طور پر انتہائی حساس علاقوں میں مقامی سطح کے مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے لوگوں کی تعداد کو کم سے کم کیا جائے اور جو بچے پولیو کے قطرے پینے سے محروم ہیں انہیں انسداد پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں۔


انہوں نے واضح کیا کہ دوسرے ملکوں نے پولیو وائرس کے بیرون ملک پھیلاؤ کو روکنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر بیرون ملک جانے والے تقریباً ستائیس ہزار مسافروں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔

بعد میں ایوان کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث پیر کی شام چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔