جیمز ڈوبنز نے کہا کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کے تناظر میں پاکستان کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔

امریکہ پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تعلقات کا عزم رکھتا ہے:ڈوبنز
24 اپریل 2014 (21:24)
0

امریکہ نے کہا ہے کہ وہ نواز شریف حکومت کو قیام امن کیلئے قابل اعتماد شراکت دار تصور کرتا ہے اور اُس نے پاکستان سے کثیر جہتی اور طویل المدتی تعلقات کا عزم کر رکھا ہے۔
یہ بات پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے جیمز ڈوبنز نے آج(جمعرات) سہ پہر اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ساتھ ایک ملاقات میں کہی۔
اُنہوں نے کہا کہافغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کے تناظر میں پاکستان کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔
ڈوبنز نے خطے میں امن و استحکام کے قیام اور اتحادی کی حیثیت سے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
چوہدری نثار علی خان نے تعلقات میں کھُلے ذہن سے کام لینے اور شفافیت کی ضرورت پر زور دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ حقیقت پسندانہ اور دیانتدارانہ سوچ کے ذریعے پاکستان کے کردار کو سراہا جانا چاہیے۔
فریقین کے درمیان تعاون میں قریبی رابطے رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
بعد میں جیمز ایف ڈوبنز نے قومی سلامتی اور امورِ خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز سے بھی ملاقات کی اور پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
مشیر نے کہا کہ پاکستان تمام شعبوں میں پاک امریکہ دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت کا ادراک رکھتا ہے۔ انہوں نے انسداد دہشتگردی ، معیشت، توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں قریبی رابطے اور سٹریٹجک مذاکرات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔