وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور مسلح افواج سمیت تمام ادارے مل کر پاکستان کی تعمیر کرینگے۔

گوادر میں فری پورٹ بننے کے تمام لوازمات دستیاب ہیں:وزیراعظم
24 اپریل 2014 (20:57)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ گوادر میں دبئی، ہانگ کانگ اور سنگاپور جیسی فری پورٹ بننے کے تمام لوازمات دستیاب ہیں۔
آج(جمعرات) سہ پہر گوادر میں ایک بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ میرے گوادر کے دورے اور اجلاس کا مقصد علاقے کی ترقی میں تیزی لانا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے معاملے پر سیاسی اور فوجی قیادت کا موقف یکساں ہے۔ پاکستان کو آگے لے جانا اور اِسے ترقی یافتہ بنانا ان کی مشترکہ خواہش ہے۔
اُنہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہم سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل اجتماعی کوششوں کے ذریعے حل کرسکتے ہیں اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پرڈالا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت اور مسلح افواج سمیت تمام ادارے مل کر پاکستان کی تعمیر کرینگے۔
بعد میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گوادر بندر گاہ کی تعمیرو ترقی اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت بلوچستان کیلئے ایک سو باسٹھ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
اُنہوں نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری پر فوج، ایف سی، پولیس اور وفاقی اداروں کے کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ گوادر کا ائیر پورٹ اور بندر گاہ بہترین ہوگی۔ اُنہوں نے کہا کہ گوادر میں امن و امان کے قیام کیلئے خصوصی فورسز تشکیل دی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کیلئے پہلی بار اٹھتر فیصد ترقیاتی بجٹ جاری کیا گیا ہے۔