نواز شریف نے کہا ہے کہ نئی تعلیمی پالیسی میں لڑکیوں کی تعلیم پر خاص توجہ دی جائے گی۔

نظام تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا، وزیراعظم
24 اپریل 2014 (10:52)
0

اسلام آباد میں ائر یونیورسٹی کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے  کہا کہ نوجوان جد ید زیور تعلیم سے آراستہ ہوکر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین اسلامی اصولوں کی بنیاد پر بنایا گیا ہے اور اسلام تعلیم کی ضرورت کو نہائیت اہم قرار دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے تعلیمی نظام میں اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ تعلیم معاشی ترقی کی کنجی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی میں لڑکیوں کی تعلیم پر خاص  توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے ائر یونیورسٹی کی کارکردگی کی تعریف کی اور نئے کیمپس کی تعمیر کیلئے اراضی کی فراہمی کا یقین دلایا۔ سالانہ تقریب کے موقع پر یونیورسٹی کے ایک ہزار طلباء کو ڈگریاں اور ایوارڈز سے نوازا گیا۔