Saturday, 20 April 2024, 02:53:10 am
مشیر خزانہ کا چینی کی قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار
November 24, 2021

خزانے کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر شوکت ترین نے چینی کی قیمتوں میں استحکام پراطمینان ظاہرکیا ہے اور ملک میں چینی کے سٹراٹیجک ذخائر قائم کرنے کیلئے مناسب اقدامات کرنے پر زوردیا ہے تاکہ آئندہ مہینوں میں چینی کی باقاعدگی سے فراہمی جاری رہے۔

انہوں نے یہ بات آج (بدھ)اسلام آباد میں قیمتوں کی نگرانی کی قومی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں لازمی اشیائے صرف کی قیمتوں کا جائزہ لیاگیا۔مشیر خزانہ نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر قیمتوں میں کمی کا ملکی صارفین کو فائدہ پہنچنا چاہیے ۔انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ زرعی کھاد کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے او رکنٹرولڈ نرخوں پر کھادوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔مشیرخزانہ نے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ مارکیٹ میں مٹی کے تیل کے معقول سٹاک کی دستیابی کیلئے اقدامات کرے۔انہوں نے بلوچستان اور سندھ کے سستے بازاروں میں اشیائے صرف کی قیمتوں پراطمینان ظاہر کیا اور ہدایت کی کہ ایسے بازار مزید شہروں میں کھولے جائیں تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت مل سکے ۔اجلاس کو قیمتوں کے ہفتہ وار انڈیکس کی صورتحال سے آگاہ کیاگیا جس میں زیرجائزہ ہفتے کے دوران ایک اعشاریہ صفر سات فیصد کااضافہ ہوا۔اجلاس کو بتایاگیا کہ گزشتہ ہفتے آلو ، پیاز اور خوردنی تیل سمیت دس اشیائے صرف کی قیمتوں میں کمی آئی جبکہ چودہ اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔بیس کلوگرام کے آٹے کے تھیلے کی قیمت گیارہ سو روپے پر برقراررہی جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد انتظامیہ کے موثر اقدامات کی بدولت چینی کی قیمتوں میں بھی کمی آرہی ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.