Thursday, 27 June 2019, 06:57:12 am
بھارت تحریک آزادی کو دبانے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے، راجہ فاروق حیدر
November 24, 2018

آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ وادی میں بدترین ریاستی دہشتگردی کے باوجود کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو دبانے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔

انہوں نے یہ بات ہفتے کے روز کشمیر ہائوس اسلام آباد میں یورپ میںبین الاقوامی حق خودارادیت تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر اور برطانوی پارلیمنٹ کے آل پارٹنرز فرینڈز گروپ کی رپورٹس کے بعد آئندہ سال جنوری میں یورپی پارلیمنٹ میں کشمیر کے بارے میں بحث کشمیریوں کیلئے ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں نے طویل مدت سے حل طلب مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیاہے۔

راجہ نجابت حسین نے اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو یورپ میں کشمیر کی تحریک آزادی سے متعلق اپنی تنظیم کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔