Wednesday, 20 November 2019, 07:13:10 pm

مزید خبریں

 
سردارمسعود کامسئلہ کشمیرپرعالمی طاقتوں کی خاموشی توڑنےکیلئے سیاسی و سفارتی کوششیں تیزکرنےپرزور
October 24, 2019

آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردارمسعود خان نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی طاقتوں کی خاموشی توڑنے کیلئے سیاسی اور سفارتی سطح پر کوششیں تیز کرنے پرزوردیا ہے ۔ جمعرات کے روز مظفرآبادمیں آزاد جموں وکشمیر کی حکومت کے 72 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارتی تسلط سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے دفاع اور سلامتی کویقینی بنانے کیلئے جدوجہد ناگزیر ہے۔اس سے قبل آزادکشمیر کے صدر نے پولیس کے چاق وچوبند دستے کی پریڈ کا معائنہ کیا انہوں نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں اور پولیس کے شہدا کے اہل خانہ کو صدارتی پولیس ایوارڈ سے بھی نوازا ۔ادھر سردارمسعود خان نے مظفرآباد میں آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے زیراہتمام '' حق خودارادیت ہماری منزل ،، کے عنوان سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صبر اور برداشت کی ہماری پالیسی کوہماری کمزوری نہ سمجھاجائے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے شائد بھارتی حکمران یہ بھول جاتے ہیں کہ پاکستان بھی ایک جوہری طاقت ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کا قیام ہمارے آبائو اجداد کی بے مثال جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔آج مظفر آباد میں آزاد جموں و کشمیر کے 72 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی کے لئے اس جدوجہد کا آغاز1832 میں ہوا تھا جس کے نتیجے میں 1947 ء میں ریاست کا یہ حصہ آزاد ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ جاری جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور جموں و کشمیر کی پوری ریاست کے پاکستان سے الحاق کے ساتھ ہی مکمل ہوگی۔۔