Thursday, 28 March 2024, 07:25:14 pm
وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیرکاموثراندازمیں اٹھائیں گے:شاہ محمود
September 24, 2020

وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے جاری اجلاس میں گزشتہ سال کی طرح کشمیر کا مسئلہ موثر انداز میں اٹھائیں گے جس میں وہ عالمی برادری کی توجہ بھارت کےغیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرائیں گے۔

 ایک بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں عائد پابندیاں فوری طور پر اٹھائی جائیں اور مواصلاتی بندش ختم کی جائے۔

 انہوں نے کہا کہ بھارت کی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو غیرقانونی طورپر تبدیل کرنے کےلئے سکونتی قوانین میں ترامیم فی الفور واپس کی  جائیں۔

 وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو جب بھی اندرونی طورپردباو کا سامنا ہوتا ہے یا غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حالات اس کے کنٹرول میں نہیں رہتے تو وہ دنیا کی توجہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے سے ہٹانے کےلئے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کرتا ہے۔

ادھر سارک کی وزارتی کونسل سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے غربت کے خاتمے اور سماجی و معاشی ترقی کےاہداف کے حصول کےلئے دیرینہ تنازعات کے حل پر زوردیا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان متنازعہ علاقوں کی حیثیت تبدیل کرنے کےلئے کئے گئے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی سخت مذمت کرتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے صریحاً منافی ہے۔

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.