Wednesday, 24 April 2024, 09:54:44 am
قوم بھارتی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگی:وزیراعظم
September 24, 2018

File Photo

وزیراعظم عمران خان نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کے بھارت سے تعلقات میں بہتری سے دونوں ملکوں کے عوام کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے تاہم انہوں نے کہاکہ قوم ہرگز بھارتی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگی۔لاہورمیں سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے ملک میں سرمایہ کاری لانے کیلئے حال ہی میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں نظام حکومت بہتر ہو جائے تو بھاری غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان آسکتی ہے۔انہوں نے سول ملازمین پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔عمران خان نے سول ملازمین کو یقین دلایاکہ ان کے کام میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہوگی تاہم ان کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہونی چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ایک موثر نظام وضع کیاجائے گا اورلوگوں کی شکایات کے ازالے کیلئے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے دفاتر میں شکایات سیل قائم کئے جائیں گے۔عمران خان نے کہاکہ نیاپاکستان اس نئے فلسفے کانام ہے جو سب کے لئے انصاف اور سہولتوں پرمبنی ہے۔

ادھرلاہور میں محکمہ انسداد بدعنوانی کے ڈائریکٹرز کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ حکومت سرکاری محکمو ں پر عوام کے اعتماد کی بحالی کو اولین ترجیح دے رہی ہے جو بدعنوانی کے سبب بری طرح متاثر ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال کے پس پردہ اسباب میں بدعنوانی ایک بڑی وجہ ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ماضی میں بعض ایسے منصوبوں کے اجراء سے ملک کو قرضوں کے جال میں پھنسایاگیا جن کامقصدعوامی فلاح وبہبود نہیں بلکہ کمیشن کماناتھا۔عمران خان نے محکمہ انسداد بدعنوانی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے طریقہ کارمیں بہتری لائیں اور بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں میں انہیں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہاکہ بدعنوان عناصرکو بے نقاب اوران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جانی چاہیے۔وزیراعظم نے محکمہ انسداد بدعنوانی کو یہ بھی ہدایت کی کہ ہرطرح کے استحصال کاشکارغریب آدمی کی مدد کے لئے استغاثہ کے نظام کو بہتر بنایاجائے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.