Thursday, 21 November 2019, 11:37:51 pm
وزیراعظم کی سائنسی اور فنی تعلیم و تحقیق کے فروغ میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی کوششوں کی تحسین
August 24, 2019

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں سائنسی و فنی تعلیم او ر تحقیق کے فرو غ کیلئے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی کوششوں کو سراہا ہے وہ ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں انجینئرنگ اور ٹیکنالوجیز کی جدید یونیوسٹی کے قیام کے سلسلے میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زرعی شعبے میں تیار مصنوعات کے پہلو کو ترجیح دی جائے۔عمران خان نے وزیرسائنس و ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے چیئرمین کی طرف سے باقاعدہ طریقے سے ملک کی 15 بہترین یونیورسٹیاں منتخب کرنے اور ان کو بہترین یونیورسٹی کی حیثیت دینے کی ایک تجویز کی منظوری دی۔اجلاس میں مستحق طلبہ کیلئے قومی سطح پر وظائف کی ایک سکیم کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ وظائف کی سکیموں کو احساس پروگرام سے مربوط اور منسلک کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مستحق اور ہونہار طلبہ اپنی تعلیم مکمل کرسکیں۔وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے وزیراعظم کو اپنی وزارت کی طرف سے سائنسی اور فنی تعلیم اور حکومت کی مختلف تنظیموں اور صنعت کے درمیان موثر رابطوں کیلئے شروع کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے بارے میں ٹاسک فورس کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس نے علم پر مبنی اقتصادی پالیسی پر جامع دستاویز تیار کی ہے۔کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کیلئے بھی ایک دستاویز تیار کی گئی ہے اور سرمایہ کاری بورڈ کو اس سے آگاہ کیا جائے گا۔