Saturday, 17 November 2018, 06:19:40 am
افضل خان کاعالمی برادری پردیرینہ تنازع کشمیرکےحل میں کرداراداکرنےپرزور
March 24, 2018

یورپی اور برطانوی پارلیمنٹ کےرکن افضل خان نےعالمی برادری پرزوردیاہےکہ دیرینہ تنازع کشمیرکےحل میں کرداراداکرے۔ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملو ث ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے بڑے جمہوری ملک ہونے کے بھارتی دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں کیونکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان موثر انداز میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کررہا ہے اور اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی ذمہ داری ہے کہ بے گناہ کشمیری عوام کے مصائب ختم کرنے میں کردار ادا کرے۔افضل خان نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور اس جنگ میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری منصوبہ سب کیلئے فائدہ مند ہے جو کہ پورے خطے میں اقتصادی استحکام لانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔یورپی یونین پارلیمنٹ کے کام کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کے رکن ملکوں کی تعداد اٹھائیس ہے اور اس نکتہ نظر سے یہ سب سے بڑی پارلیمنٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کی توجہ مثبت اور تعمیری نتائج پر ہے۔