Wednesday, 24 April 2024, 02:31:57 am
پاکستان اور سری لنکا کا آزادانہ تجارتی معاہدے کو وسعت دینے کیلئے کام کرنے کا عزم
February 24, 2021

پاکستان اور سری لنکا نے دوطرفہ تجارتی حجم کو ایک ارب ڈالر تک لے جانے کے مقصد کے حصول اور دونوں ملکوں کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کو وسعت دینے کیلئے کام کرنے کا عزم کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے سری لنکا کے دوروزہ دورے کے اختتام پر بدھ کے روز کولمبو میں جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں فریقین نے مختلف شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے پرامن ہمسائیگی کے وژن کے مطابق سری لنکا کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے تعاون جاری رکھنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔فریقین نے ثقافتی روابط، انسانی وسائل کی ترقی اور مختلف شعبوں میں استعدادکار بڑھانے کیلئے دونوںملکوں کے درمیان موجودہ اشتراک عمل کا جائزہ لیا۔پاکستان نے سری لنکا کے طلبا کے لئے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے شعبوں میں ایک سو وظائف کا اعلان کیا۔فریقین نے گندھارا تہذیب کے حوالے سے بدھ مت کے قدیم مقامات کی موجودہ مذہبی سیاحت کے وسیع امکانات کو مزید بڑھانے اور ہوٹلوں کی صنعت میں مہارت کے تبادلے پر اتفاق کیا۔پاکستان نے کینڈی کی پیراڈینیایونیورسٹی میں ایشیائی تہذیب و ثقافت کا مرکز قائم کرنے کے پروگرام کا بھی اعلان کیا۔فریقین نے عوامی روابط، سیاحت، تجارت اور ثقافت کے فروغ کیلئے فضائی روابط بڑھانے کی اہمیت بھی تسلیم کی۔انہوں نے دفاع کے شعبے میں موجودہ باہمی تعاون پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عملے کی سطح پرب ات چیت اور دفاع کے شعبے میں مذاکرات سے سکیورٹی کے شعبے میں تعلقات کو مزید توسیع دینے کا موقع فراہم ہوا ہے۔وزیراعظم نے پانچ کروڑ ڈالر کے دفاعی قرضے کی سہولت کا اعلان کیا۔عمران خان اور سری لنکا کے وزیراعظم نے پارلیمانی تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت کے حوالے سے دونوں ملکوں کی پارلیمانی دوستی ایسوسی ایشن کی تشکیل نو کی تعریف کی۔فریقین نے سارک کے منشور کے اصولوں اور مقاصد پر کاربند رہنے کے عزم کا اعادہ کیا اور تنظیم کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے کے عوام کے وسیع تر مفاد میں مل کر کام کریں۔انہوں نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کیلئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تصفیہ طلب تنازعات کو عالمی قانون کے تحت تعمیری مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم عمران خان نے علاقائی سطح پر رابطوں کے تناظر میں خطے کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلئے چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پیدا ہونے والے مواقع پر روشنی ڈالی۔سری لنکا نے کرونا وائرس کے آغاز سے اب تک پاکستان میں موجود سری لنکن باشندوں کی وطن واپسی کے لئے تمام ممکنہ تعاون کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ملکوں نے کرونا کی عالمی وبا سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔سری لنکا کے وزیراعظم نے اپنے ملک کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت اور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔اس دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت کی پانچ یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔عمران خان نے اپنی اور اپنے وفد کی پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم مہنداراجا پاکسا کا شکریہ ادا کیا اور سری لنکا کے صدر اور وزیراعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.