Monday, 21 May 2018, 08:09:16 pm
علاقائی امن اور سلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ،چین
January 24, 2018

چین نے کہا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پرپاکستان کی حمایت جاری رکھے گا کیونکہ علاقائی امن وسلامتی کیلئے اس مسئلے کا حل ناگزیر ہے۔یہ بات پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ نے بدھ کے روز اسلام آباد میں امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر محمد برجیس طاہر سے ملاقات میں کہی۔وفاقی وزیر نے چین کی جانب سے مسئلہ کشمیر پرپاکستان کی مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ سات عشروں سے مقبوضہ کشمیر کے بے گناہ لوگوں پر  ظلم وستم کا بازار گرم کررکھا ہے  ۔وفاقی وزیر نے کنٹرول لائن پر بھارتی فورسز کی طرف سے جنگ بندی کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزیاں خطے کے امن واستحکام کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔اجلاس میں چین کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔چینی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا اور وہ عوام خصوصا گلگت بلتستان کی فلاح وبہبود کیلئے سڑکوں اور ہسپتالوں کے چھوٹے منصوبوں میں تعاون کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کے عوام اور حکومت کے پاکستان سے گہرے تعلقات ہیں اور وہ پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔برجیس طاہر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے کی قسمت بدل جائیگی جس سے دونوں ملکوں کے اقتصادی ، ثقافتی اور سیاسی تعلقات مذید مستحکم ہوںگے۔