وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاہے کہ یہ وقت ہے کہ اپنی ثقافت ،سیاحت ورثے اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کیاجائے۔

دہشتگردی نے ملک کے قومی بیانیے کومتاثرکیا ہے: مریم اور نگزیب
23 مئی 2017 (16:27)
0

اطلاعات کی وزیر مملکت مریم اور نگزیب نے کہا کہ صوبائی حکومت کو دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص اور قومی بیانیہ پیش کرنے کے لئے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔آج اسلام آبادم یں زیبسٹ یونیورسٹی اسلام آباد کی میڈیا سائنس نمائش کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ دہشتگردی نے ملک کے قومی بیانیے کومتاثرکیا ہے اور یہ وقت ہے کہ اپنی ثقافت ،سیاحت ورثے اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کیاجائے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ اساتذہ، ذرائع ابلاغ اوردوسرے فریقوں کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ ملک کو 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر قومی شناخت کو مضبوط بنانے کاعزم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے قومی ورثے کے تحفظ اور فروغ کیلئے کام کررہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ملک کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کاموقع ہے ۔انہوں نے کہاکہ دنیا کے سامنے پاکستان کی روایت اور ثقافت کو متعارف کرانے کے لئے ذرائع ابلاغ کاکردار بہت اہم ہے ۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ذرائع ابلاغ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردارادا کیاہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ادب اور ثقافت کافروغ وقت کی اہم ضرورت بن گئی ہے یہ معاشرے سے عدم برداشت اور انتہا پسندی کے خاتمے کا ایک بہترین راستہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال ہمارے ملک کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر حکومت اپنے قومی ورثے کو فروغ دینے کی بنیاد پر ایک جامع منصوبہ پر عمل کررہی ہے جو انتہا پسندی اوردہشت گردی کی وجہ سے ختم ہوگیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ ماضی میں ذرائع ابلاغ میں بچوں سے متعلق مواد پر کم توجہ دی گئی ہے جو ہمارے بچوں میں علم کے فقدان کا باعث بنے۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو ثقافت اور ادب روشناس کرانے پرخصوصی توجہ دے رہی ہے ۔

اس سے قبل اسلام آباد میں ایک مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت نے زرعی شعبے کی ترقی کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔