وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاہے کہ ناقص غذا کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر مخصوص پروگرام بھی شروع کئے جارہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا زرعی شعبے کی پائیدار ترقی کیلئے عالمی اور قومی اداروں کے درمیان بہتر تعاون پرزور
23 مئی 2017 (11:21)
0

اطلاعات و نشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے زرعی شعبے کی پائیدار ترقی کی غرض سے عالمی اور قومی اداروں کے درمیان بہتر تعاون کی ضرورت پرزوردیاہے۔آج اسلام آباد میں چاول کی پائیدار پیداوار کے بارے میں قومی فریقین کے مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے زرعی شعبے کی ترقی کیلئے اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کاشتکاروں کی بہتری کیلئے ملک بھر میں 341 ارب روپے مالیت کے ملک گیر کسان پیکیج کااعلان کیاہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ناقص غذا کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر مخصوص پروگرام بھی شروع کئے جارہے ہیں۔وزیر مملکت نے کہاکہ فصلوں کی پیداوار میں اضافے کی اہمیت کے بارے میں فریقین میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کا پلیٹ فارم بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحقیق کو زرعی یونیورسٹیوں کے ساتھ منسلک کیا جائے تاکہ زرعی شعبے کودر پیش مسائل کو موثر انداز میں حل کیا جاسکے۔