وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ چین نے اعتماد کی بنیادپر اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کرکے حقیقی دوستی کا مظاہرہ کیا ہے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری سے علاقائی روابط قائم ہونگے:احسن اقبال
23 مئی 2016 (14:41)
0

منصوبہ بندی کے وزیراحسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نے چین اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ جغرافیائی تعلقات کو سٹرٹیجک سے جغرافیائی معاشی تعلقات میں تبدیل کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

وہ پیر کے روز اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے65 سال مکمل ہونے کے سلسلے میں ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ایشیا دنیا میں ایک معاشی مرکزبن گیا ہے اور چین نے سافٹ ویئر کے شعبے میں ترقی کے ذریعے منظرنامہ بدل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ راہداری پاکستان اورچین کے درمیان نہ صرف ایک د و طرفہ منصوبہ ہے بلکہ اس سے علاقائی روابط بھی قائم ہونگے جس سے ترقی کے تین انجن جنوبی ایشیا ، چین اور وسطی ایشیا ایک دوسرے سے منسلک ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ چین نے اعتماد کی بنیادپرچین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان میں چھیالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کرکے حقیقی دوستی کا مظاہرہ کیا ہے۔
خارجہ امور کے بارے میں معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا کہ چین نے کبھی بھی جانبداری کی پالیسی پر عمل نہیں کیاکیونکہ وہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ امن اورخوشحالی کے اشتراک پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملک خطے کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔
اپنے تاثرات میں پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان بے مثال تعلقات ہیں جنہوں نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔