وزیراعظم نواز شریف ،وزرا،ارکان پارلیمنٹ، سفیروں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اورمعاشرے کے مختلف شعبوں سے متعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے بھی پریڈ دیکھی۔

yume pakistan

یوم پاکستان شایان شان طریقےسےمنایاجارہاہے
23 مارچ 2016 (15:58)
0

قوم آج یوم پاکستان اس عزم کی تجدید کے ساتھ منارہی ہے کہ دہشت گرد اورانتہا پسند قوتوں کا خاتمہ کیا جائے گا اور ملک کی ترقی، خوشحالی اوراستحکام کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔آج عام تعطیل ہے اور تمام اہم سرکاری اورنجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرا رہاہے۔نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی ، ترقی اور یکجہتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ اس موقع پر پریڈکی پروقار تقریب اس حقیقت کا مظہر ہے کہ پوری قوم کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع ہوگیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان عالمی افق پرایک ترقی یافتہ ملک کے طور پر ابھرے گا۔تقریب میںوزیراعظم نواز شریف ،وزرا ، ارکان پارلیمنٹ، سفیروں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اور معاشرے کے مختلف شعبوں سے متعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

ادھر یوم پاکستان پریڈ کی پروقار تقریب کا آغاز پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے لڑاکا طیاروں کے شاندار فضائی مظاہرے سے ہوا جس کی قیادت پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان کررہے تھے۔ایف سولہ جے ایف17تھنڈر ،میراج، ایف سیون پی جی ، اواکس، پی تھری سی اور ئین کی فارمیشنز نے سلامی کے چبوترے کے اوپر پروازکرتے ہوئے مہمان خصوصی کو سلامی دی۔

پاک فوج ،پاک بحریہ ،پاک فضائیہ، رینجرز ،پولیس، ایس ایس جی اور گرل گائیڈز کے دستے صدر کو سلامی دیتے ہوئے چبوترے کے سامنے سے گزرے۔ٹینکوں، راکٹ، لانچروں، ملکی سطح پر تیار کئے گئے مختصر اور طویل فاصلے تک ما ر کرنے والے میزائلوں، ریڈ ارز اور بغیر پائلٹ جہازوں سمیت دیگر دفاعی آلات پریڈ کے موقع پر دکھائے گئے۔چاروں صوبوں ، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی ثقافت پر مبنی فلوٹس بھی پریڈ کا حصہ تھے۔سپیشل سروسز گروپ کے چھاتہ برداروں نے قومی پرچم تھام کر 10 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگائی۔

تقریب کے اختتام پر مختلف سکولوں کے طلباء نے ملی نغمے پیش کئے ۔اس موقع پر صدر، وزیراعظم اوربری فوج کے سربراہ مختلف علاقائی ،لباس پہنے طلباء میں گھل مل گئے۔

لاہور میں مزار اقبال پر آج صبح گارڈز کی تبدیلی کی ایک سادہ اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔پاک فضائیہ کے چا ق و چوبند دستے نے پنجاب رینجرز سے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔پی اے ایف بیس لاہور کے بیس کمانڈر ائر کموڈور سلمان محبوب اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔انہوں نے قومی شاعر کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی۔ سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے صوبائی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے سخت جدوجہد کرنے پر بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اقوام متحدہ میں بھی آج پہلی مرتبہ یوم پاکستان منایا جارہا ہے اس سلسلے میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مشن نے جنرل اسمبلی کے ہال میں ایک محفل موسیقی کا اہتمام کیا جس میں استاد راحت فتح علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔صوفی نائٹ امن کی موسیقی کے موضوع پر منعقدہ اس محفل کا مقصد عالمی سطح پر امن اور رواداری کے پیغام کو فروغ دینا ہے۔

مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی اور ثقافتی تنظیموں اور تعلیمی اداروں نے تحریک پاکستان اور ہمارے بانی رہنمائوں کی زندگیوں کے مختلف پہلو اجاگر کرنے کے لئے کئی تقریبات کا اہتمام کیا ہے۔اس دن کے موقع پر ریڈیو پاکستان بھی تحریک پاکستان کے مختلف پہلوئوں کے حوالے سے خصوصی پروگرام نشر کررہا ہے۔