صدر ممنون نے قطر کے تاجروں کو توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

پاکستان،قطر کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
23 مارچ 2015 (19:28)
0

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو اسلام آباد میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے معاونین کے بغیر ملاقات میں کیا۔
صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تجارتی حجم اصل گنجائش کی عکاسی نہیں کرتا۔
ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری ایک اہم منصوبہ ہے جس سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے قطر کے تاجروں پرزور دیا کہ وہ پاکستان کے توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔
انہوں نے افغانستان میں امن کے قیام میں قطر کے کردار کی بھی تعریف کی۔
اس موقع پر قطر کے امیر نے کہا کہ قطر کے دروازے پاکستانی ماہرین اور محنت کشوں کے لئے کھلے ہیں انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان کو خطے کے مزید مستحکم اور خوشحال ملک کے طورپر دیکھنا چاہتا ہے۔

وزیر اعظم محمد نوازشریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان اسلام آباد میں بات چیت ہوئی۔
فریقین نے مختلف شعبوں خصوصاً تجارت اور توانائی کے شعبو ں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دوطرفہ اہمیت کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بھی زیرغور آئے۔
بات چیت کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز \' وزیرخزانہ اسحاق ڈار \' پانی اور بجلی کے وزیر خواجہ محمد آصف \' پٹرولیم اور قدرتی وسائل کے وزیر شاہد خاقان عباسی اور وزیراعظم کے امور خارجہ کے خصوصی معاون طارق فاطمی نے وزیراعظم کی اورامیر قطر کی معاونت امور خارجہ \' توانائی\' خزانہ\' معیشت اور تجارت کے وزراء نے کی۔
اس سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف اور امیر قطر نے معاونین کے بغیر ملاقات کی اور علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔