صدرممنون حسین نے تمام پاکستانی شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک کو عالمی سطح پر مقام دلانے کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں۔

قوم شرپسند قوتوں کے خلاف متحد ہو جائے: صدر ، وزیراعظم
23 مارچ 2015 (11:06)
0

صدرممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں قوم پر زور دیا کہ وہ شرپسند قوتوں کے خلاف متحد ہو جائے۔صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشتگردوں اور انتہا پسندوں نے خواتین، بچوں ، شہریوں اور فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے اور ہمارے سکولوں اور عبادت گاہوں پر حملے کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس عظیم جدوجہد اور عزم کی یاد دلاتا ہے جس کے نتیجے میں مملکت پاکستان وجود میں آئی۔

صدر نے تمام پاکستانی شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک کو عالمی سطح پر مقام دلانے کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے امن پسند لوگوں نے انتہا پسندی اور دہشتگردی سے درپیش خطرات کو بے نقاب کردیا ۔ پاکستان کو اب بھی خطرہ لاحق ہے تاہم ا س کا سامنا کرنا ہوگا۔


انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام دلیری سے اس چیلنج کے سامنے کھڑے ہوگئے اور وہ پرعزم ہیں کہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ہماری بہادر مسلح افواج کے قابل قدر تعاون اور پوری سیاسی قیادت کی غیر مشروط حمایت سے ہم خطرناک قوتوں پر یقینا قابو پا لیں گے۔