کوئٹہ : خودکش حملے میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد جاں بحق
23 جون 2017 (09:31)
0

کوئٹہ میں آج شہداء چوک کے قریب خودکش حملے  میں سات پولیس اہلکاروں سمیت بارہ افراد جاں بحق  اور اٹھارہ زخمی ہوگئے۔امدادی ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیاہے اور قانون نافذکرنیوالے اداروں نے علاقے کوگھیرے میں لے لیاہے۔واقعے میں پانچ پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم محمد نواز شریف نے آج کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور بہت سے افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے مرحومین کے ایصال ثواب اور غمزدہ خاندانوں کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔
انہوں نے کہ کہ بزدلانہ حملے دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی مایوسی کی عکاسی کرتے ہیں جنہوں نے رمضان کے مبارک مہینے میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ عناصر کسی رحم کے مستحق نہیں ہیں اور دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل اور متحدہ عزم کی بدولت یہ اپنے انجام کو پہنچیں گے۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی سطح کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس مذموم کارروائی میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔انہوں نے صوبائی حکومت سے بھی کہا کہ وہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرے۔

ادھر ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثنااﷲ خان زہری نے کوئٹہ میں بم دھماکے کی سخت مذمت کی ہے۔
اپنے پیغامات میں انہوں نے بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔بلوچستان کے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کریں۔