وزیرمملکت نے اعتماد کااظہار کیاکہ سپریم کورٹ دوسروں کی طرح شریف فیملی کے ساتھ بھی انصاف کرے گی۔

 وزیراعظم نوازشریف پانامہ پیپرز میں سرخرو ہوکرسامنے آئیں گے:مریم اورنگزیب
23 جون 2017 (06:41)
0

اطلاعات ونشریات کی وزیرمملکت مریم اورنگزیب نے یقین ظاہر کیاہے کہ وزیراعظم نوازشریف پانامہ پیپرز میں سرخرو ہوکرسامنے آئیں گے ۔
پی ٹی وی سے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم اور ا ن کاخاندان قانون اور آئین کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتے ہیں اسی لئے انہوں نے خود کو احتساب کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش کیا۔
وزیرمملکت نے اعتماد کااظہار کیاکہ سپریم کورٹ دوسروں کی طرح شریف فیملی کے ساتھ بھی انصاف کرے گی۔انہوں نے کہاکہ عمران خان پانامہ پیپرز مقدمے کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہیں۔
فلمی صنعت کی بحالی کیلئے حکومت کے عزم کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیرمملکت نے کہاکہ فلمیں ہمیشہ ملک کے اعتدال پسند تشخص کواجاگرکرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے بیرون ملک پاکستان کی شاندارثقافت اور خوبصورتی کو اجاگرکرنے کیلئے فلمی صنعت کے فروغ کامنصوبہ تیارکیاہے۔
اس سے پہلے اسلام آباد میں ایک افطارپارٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت نے کہاکہ مسلم لیگ نون کے کارکن پارٹی کی اصل طاقت ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف پارٹی کارکنوں سے بہت محبت کرتے ہیں۔