ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان،تاجکستان باہمی تجارتی حجم50کروڑ ڈالر تک لیجانے کی ضرورت ہے۔

صدر کا سہ فریقی تجارتی راہداری معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر زور
23 جون 2016 (20:15)
0

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اورتاجکستان کو باہمی تجارت کاحجم پچاس کروڑ ڈالر تک لے جانے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔
ممنون حسین نے کہاکہ دونوں ملکوں میں تجارت اور توانائی کے شعبوں میں وسیع امکانات پائے جاتے ہیں اور شاندار دوطرفہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی اورتجارتی تعلقات میں تبدیل کیاجاناچاہیے ۔
صدر ممنون حسین نے کاسا۔1000منصوبے کی خاطر تاجکستان کے عزم کے لئے صدر رحمان کا شکریہ ادا کیا اور اسے علاقائی روابط کے فروغ میں سنگ میل قرار دیا ۔
انہوں نے کہا کہ منصوبہ بجلی کی قلت کم کرنے میں پاکستان کے لئے انتہائی معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے پاکستان ، افغانستان اور تاجکستان کے درمیان راہداری تجارت کے بارے میں سہ ملکی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا جس سے علاقائی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
دونوں رہنمائوں نے انتہا پسندی ، دہشت گردی ، سرحد پار منظم جرائم ، انسداد منشیات ، انسانی سمگلنگ اور علاقائی اور عالمی سلامتی کو درپیش دیگر خطرات کے خلاف تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا ۔
صدر رحمان نے وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے لئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔