ترجمان نے این ایس جی پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور بھارت کی درخواست پر ایک ساتھ غور کرے۔

23 جون 2016 (20:10)
0

پاکستان نے کہا ہے کہ وہ نیو کلیئر سپلائرز گروپ کارکن بننے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز بریفنگ میں نیو کلیئر سپلائرز گروپ پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں پاکستان اور بھارت کی درخواستوں پر ایک ساتھ غور کرے ۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ گروپ کی رکنیت کے لئے ایٹمی عدم پھیلائو کے معاہدے پر دستخط نہ کرنے والے ملکو ںکے ساتھ یکساں، بلاامتیاز، بلا تفریق اور منصفانہ معیار کے مطابق رویہ اپنایا جانا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان نے رابطوں کا فقدان دور کرنے اور موثر سرحدی انتظام کیلئے لائحہ عمل وضع کرنے پراتفاق کیا ہے ۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک افغان سرحد کو بعض ناپسندیدہ عناصر نے غلط استعمال کیا ہے اوراس انتظام کا اصل مقصد دراندازی کم کرنا ہے ۔
افغان مہاجرین کی واپسی کے منصوبے کے بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں نفیس ذکریا نے کہاکہ پاکستانی حکام یہ معاملہ عالمی برادری کے ساتھ اٹھا رہے ہیں اور ان مہاجرین کی واپسی کیلئے ان سے تعاون کی درخواست کررہے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کی گرفتاری پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے میں بھارتی مداخلت کا ٹھوس ثبوت ہے اور اس حوالے سے پاکستان کے تحفظات جائز ہیں ۔
انہوں نے کہا پیشگی شرائط عائد کرکے دو طرفہ مذاکرات کی بحالی ممکن نہیں۔